منگلورو5؍ستمبر ( ایس او نیوز) وائکنٹا بالیگا لاء کالج میں تھرڈ ایئر لاء کے طالب علم وجئے شیٹی کو 31اگست کے دن پندرہ لوگوں کی ٹولی نے اس کے کمرے سے اغوا کرلیا تھا اور پھر اس کی پیٹائی کرنے کے بعد چھوڑنے کی شکایت پولیس میں درج ہوئی تھی۔
تازہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے اس ضمن میں ایک پرائیویٹ مقامی ٹی وی چینل کے مالک وویک جی سوورنا عرف وکّی اورکوَن شیٹی نامی شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ وجئے شیٹی 2004سے 2014تک بیلگاوی میں قیام پزیر تھا۔ اس دوران میں اس نے وویک سے کافی رقم ادھارلے کر شیئر بازار میں سرمایہ کاری کی تھی۔ لیکن بہت بھاری نقصان ہونے کی وجہ سے وہ وویک کو رقم لوٹا نہیں پارہا تھا۔کہاجاتا ہے کہ وجئے شیٹی نے وویک کو جو چیک دیا تھا وہ بھی باونس ہوگیا تھا اور اس سلسلے میں پولیس کیس بھی درج کیا گیا ہے۔ اسی رقم کی وصولی کے لئے وجئے کو اغوا کرنے کی بات سامنے آئی ہے۔پولیس اس واردات میں شامل دیگر لوگوں کی گرفتاری کے لئے سرگرم ہوگئی ہے۔